نواز شریف کی واپسی، کارکنان کو استقبال کی تیاری کی ہدایات کر دیں

اسلام آباد(پی این آئی)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کارکن نواز شریف کی واپسی کی بھرپور تیاری کریں، ہم عدالتوں سے سرخرو ہو رہے ہیں۔سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے تحت ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اچانک نازل نہیں ہوئے، انہیں ایجنڈے کے تحت لانچ کیا گیا، منصوبہ سازوں نے تہیہ کر لیا تھا کہ انہیں ریاست پر مسلط کرنا ہے، جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔

 

 

 

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان تجربہ تھے، جسے 13-2012ء میں لانچ کیا گیا، جو غلط اور تباہی کا تجربہ تھا، جنرل باجوہ اس کے محسن ہیں لیکن یہ محسن کُش ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان صبح شام اپنے محسنوں پر لعن طعن کرتے ہیں، انہوں نے خانہ کعبہ والی گھڑی بیچ دی، کارکن کہتے ہیں کہ خان صاحب بڑے ایماندار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرشد نے ذلفی بخاری کے ذریعے گھڑیاں بیچیں، یہ ہم پہ الزام لگاتے تھے کہ یہ ڈاکو ہیں، چور ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے انصاف کے راستے بند کیے، ہم پر زمین تنگ کی، ہمیں تین چار سال جیلیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریاست اور سیاست کا بیڑا دوبارہ اٹھایا، نواز شریف کی طرح ملک کو دوبارہ ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔ن لیگ کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان کہتے تھے کہ برطانیہ میں انصاف ہوتا ہے، شہباز شریف کو وہاں سے انصاف ملا، مردِ مجاہد رانا ثناء اللّٰہ بھی باعزت بری ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close