لندن ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ق لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہونے کا دعویٰ کردیا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیٹ اپ تبدیل ہو یا نہ ہو تاہم لوگوں کی نیت تبدیل ہورہی ہے اور ق لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں۔
وہ اراکین کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں، کیوں کہ ہر کسی کو پتہ ہے کہ کیا معاملات چل رہے ہیں، یہی لگتا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا کسی کا ارادہ نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مونس الہی نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا، چوہدری شجاعت حسین کے پاس 2024 تک پارٹی صدر کا مینڈیٹ ہے، چوہدری شجاعت کا دل بڑا ہے، الزامات لگانے والوں کا بھی فون سنتے ہیں، مونس الہی بھی جب چاہیں رابطہ کرسکتے ہیں، مجھے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، چوہدری شجاعت اور پرویز الہیٰ کا رابطہ کبھی نہیں ٹوٹا تھا، مونس الہیٰ جب چاہیں گے میرا اور ان کا رابطہ ہو جائے گا۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مونس الہٰی نے فوجی قیادت کے دباؤ پر فیصلہ کیا تھا تو ہمیں تو بتا دیتے، مونس الہیٰ چوہدری شجاعت کو ہی ٹیلی فون کرکے بتا دیتے، چوہدری شجاعت نے پوچھا عمران خان سے کیوں ملنے جا رہے ہیں، مونس الہٰی نے جواب دیا کہ صرف جان چھڑانے جا رہے ہیں۔
ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے بھی تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کا رابطہ بحال ہوا ہے لیکن میں چوہدری شجاعت حسین سے اس دن سے نہیں ملا جب عمران خان سے ملاقات کے لیے گیا تھا، عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ہمارے محسن ہیں، ہم احسان فراموش نہیں، اس لیے عمران خان کے ساتھ دیر پا چلنے کے خواہاں ہیں اور مستقبل میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ق لیگ پی ٹی آئی کے ساتھ رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں