اسلام آباد(پی این آئی) پیمرا نے معروف صحافی آفتاب اقبال کے ٹی وی شو پر پابندی عائد کر دی۔ اپنا شو آف ایئر کیے جانے پر آفتاب اقبال نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ”پیمرا حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے جو منصفانہ تنقید بھی برداشت نہیں کر سکتی۔ میرا طنز و مزاح پر مبنی پروگرام بھی آف ایئر کر دیا گیا ہے۔
“آفتاب اقبال اپنی ٹویٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ”کیا یہ واقعی جمہوریت ہے یا مسولینی کے فاشسٹ اٹلی سے بھی بدتر ہے۔ میں اس غیرقانونی اقدام کو ہر فورم پر چیلنج کروں گا۔“رپورٹ کے مطابق پیمرا کی طرف سے شو آف ایئر کیے جانے کی تاحال کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔ آفتاب اقبال کی اس ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ممتاز صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ ”آفتاب اقبال کا شو بند کرنا قابل مذمت ہے لیکن عرض ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں مجھے نو مہینے تک پابندی کا سامنا رہا اور کئی دیگر اینکرز پر بھی پابندی لگائی گئی تو سب انصاف پسندوں کو مل کر ان پابندیوں کو مسترد کرنا چاہیے تھا۔ افسوس بہت سے ساتھی خاموش رہے لیکن آج ہم سب کو بولنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں