عام انتخابات کی جانب پہلا قدم، وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے دینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی کابینہ نے روس سے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی، عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے دینے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس جلد بلانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا، جس میں 4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے روس سے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم 372 ڈالر فی میٹرک ٹن قیمت میں درآمد کرنے کی اجازت دے دی جبکہ عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے دینے کی بھی منظوری دیدی گئی۔وفاقی کابینہ کو سیلاب متاثرین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد اجلاس نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔کابینہ نے تیل و گیس کی تلاش کے معطل لائسنس بحال کرنے کی منظوری بھی دیدی۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزارت اطلاعات میڈیا مہم کیلئے 2 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ کی توثیق کردی، اجلاس کے شرکا نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے یکم دسمبر کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی اسکیموں کیلئے 8 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی گئی جبکہ کے الیکٹرک کیلئے یکساں ٹیرف کے فیصلے کی بھی توثیق کردی گئی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں