عمران خان کو پی ٹی آئی قیادت سے ہٹانے کا معاملہ، امپورٹڈ حکومت الیکشن کمیشن کو استعمال کرے گی، پی ٹی آئی سینئر لیڈر کی پیشنگوئی

پشاور( آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کو تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا شوشہ چھوڑا ہے اور اس مقصد کے لیے امپورٹڈ حکومت الیکشن کمیشن کو استعمال کرے گی۔ پی ڈی ایم کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

اپنے دفتر سے جاری ایک وڈیو بیان بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت اور عوامی بیانیے سے خائف امپورٹڈ حکومت نے ایک نیا شوشہ چھوڑا ہے۔ یہ عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے کا خواب دیکھ رہے ہیں تاہم ان کا یہ خواب بھی پچھلے خوابوں کی طرح چکنا چور ہوگا اور ان کے ہاتھ سوائے خفت کے کچھ نہیں آئے گا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت الیکشن کمیشن کو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کیلئے استعمال کر رہی ہے اور عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لیے بھی الیکشن کمیشن کو ہی استعمال کیا جائے گا۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو نئے انتخابات میں اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے اور اس وقت ان کی حالت ایسے ہی ہے جیسے کہ ان کے آگے کنواں اور پیچھے کھائی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت امپورٹڈ حکومت سے نہیں سنھبل رہی جبکہ امن و امان کی صورتحال پر بھی ان کی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آ رہی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے زور دیا کہ ملک میں جاری موجودہ سیاسی ابتری اور کشمکش سمیت تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف ملک گیر انتخابات میں ہی ہے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں