بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی پر کس کا مشکور ہوں؟ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا پہلی بار اظہار

اسلام آباد(پی این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کے لئے تیار ہے۔اپنی تعیناتی کیلئے کسی سے درخواست نہیں کی تھی۔بطور الیکشن کمشنر تعیناتی کا پتہ میڈیا سے چلا۔

 

 

 

سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیلئےنامزدگی پر پی ٹی آئی کامشکورہوں، تعیناتی کے وقت میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے تھا۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بہت بڑا حامی ہوں،خواہش تھی جلدی سے الیکٹرانک مشین آ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ممکن نہیں۔پنجاب میں الیکٹرانک ووٹنگ قانون کے باوجود آئینی اختیار استعمال کریں گے۔چیف الیکشن کمشنر قبل ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل 31 مارچ 2022 جبکہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں 29 مئی کو انتخابات کا عمل مکمل کیا، بلوچستان میں سیلاب کی وجہ سے ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات 11 دسمبر کو کرائے جارہے ہیں، اسلام آباد میں پولنگ 31 دسمبر کو ہوگی. سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 26 جون کو ہوئے جبکہ شدید بارش کی وجہ سے ملتوی ہونے والے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو ہوں گے۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقادکے لیے 2 بار حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا مگر صوبائی حکومت کے بار بار قوانین میں ترامیم کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے لیے 3 سے 4 ماہ درکار ہوتے ہیں، جب بھی حلقہ بندیاں مکمل کرکے الیکشن کے قریب پہنچتے تھے تو اس وقت کی صوبائی حکومت اپنے لوکل گورنمنٹ قوانین میں تبدیل کر دیتی تھی جس کی وجہ سے ہمیں دوبارہ حلقہ بندی کرنی پڑتی تھی. انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن تیسری بار حلقہ بندی کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے، کمیشن صوبہ پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے اور ضروری فنڈ بھی مہیا کریں. انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخر ی ہفتے میں ہوں گے، کم وقت کی وجہ سے پنجاب حکومت کو پابند کردیا گیا ہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اگر اس بار پنجاب حکومت، لوکل گورنمنٹ قانون تبدیل کرے گی تو الیکشن کمیشن اس سے پچھلے قانون آئین کے آرٹیکل 283 کے تحت انتخابات کروائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close