اسلام آباد (پی این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے تجویز دی کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اسمبلی نہ توڑیں، مشاورت سے نیا سیٹ اپ بنایا جا سکتا ہے۔ معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت کو یقین دلایا کہ نئے سیٹ اپ میں حمزہ شہباز وزیرِ اعلیٰ نہیں ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت نے آصف علی زرداری کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے بات کرنے یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ 5 دسمبر کو ہونے والی ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری نے نئی سیاسی حکمت عملی پر چوہدری شجاعت حسین کو اعتماد میں لیا تھا۔ سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی طرف سے دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد آصف علی زرداری نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر اتحادیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں