اسد عمر کے لیے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی، توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا

راولپنڈی(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاجی دھرنوں کی درخواستیں زیر سماعت تھیں تو 26 نومبر کے جلسے میں اسد عمر نے عدالتوں کو نشانہ بنایا، پنڈی بینچ کے ایڈیشنل رجسٹرار نے عدالت کو اسد عمر کی توہین آمیز تقریر سے آگاہ کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسد عمر کی تقریر ملک بھر کے ٹی وی چینلز پر دکھائی گئی، اسد عمر کی تقریر معزز عدالتوں کے ججز پر حملے کی کوشش تھی۔ عدالت نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 204 (2) B کے تحت عدالت کے پاس اختیار ہے کسی بھی ایسے شخص کو سزا دے جو عدالتوں کو نشانہ بنائے۔ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ پاکستان 2017 میں عدالتوں کو اسکینڈلائز کرنے پر نہال ہاشمی کو سزا دے چکی ہے۔جسٹس جواد حسن نے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کو جواب سمیت پرسوں 7 دسمبر کو عدالت طلب کرلیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close