حکومت اور پی ٹی آئی قیادت میں رابطوں کی تصدیق ہو گئی

لاہور ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے حکومت اور پی ٹی آئی کے رابطوں کی تصدیق کردی، سابق وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ ہمارے حکومت کے ساتھ غیر رسمی رابطے ہورہے ہیں، صدر مملکت نے بھی اسحاق ڈار کو سمجھایا۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی اہمیت کھو رہی ہے، ہم انتخابات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، 15 دن گزار لیں یا ایک ماہ اس حکومت نے آخر جانا ہے، ہمارے دور میں 6 فیصد پر معیشت گروتھ کر رہی تھی لیکن اس وقت پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج معیشت کا درپیش ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 7 بلین ڈالرز کے قریب رہ گئے ہیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم سطح پر ہیں، تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی، ملک میں الیکشن کے علاوہ کوئی نظام استحکام نہیں دے سکتا، ہماری نظر میں یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان رہ گئی ہے، ہماری خواہش ہے 20 مارچ سے پہلے الیکشن پراسس مکمل ہوجائے۔

 

 

 

فواد چوہدری نے کہا کہ ہر معاملے میں قریبی مشاورت سے آگے بڑھیں گے، مسلم لیگ (ق) اتحادی ہیں اور اتحادی رہیں گے، نقطہ نظر ہوسکتا ہے لیکن حتمی فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، آج لاہور کے ایم این ایز کا نقطہ نظر سنا جائے گا، پرویز الہیٰ نے کہا اگر اسمبلی توڑنے میں تاخیر ہوجائے تو حرج نہیں، پرویز الہیٰ نے کہا جب عمران کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ اپنی تلخیاں بڑھانا نہیں کم چاہتے ہیں، بعض عناصر ان تلخیوں کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہئیں، اعظم سواتی کو ایف آئی اے کی طرف سے نوٹسز کی بھرمار ہوگئی ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین کےخلاف کوئی کام نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کو آئین کے مطابق چلانا چاہیے۔

 

 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف گزشتہ دن پارلیمانی جمہوریت پر لیکچر دے رہے تھے، اس حکومت کی کوئی انرجی، گیس پالیسی نہیں، ملک میں انڈسٹریز بند ہورہی ہیں، ہمارا ڈر یہ ہے جو معیشت کا حال ہے، شہباز شریف، زرداری، اسحاق ڈار لندن چلے جائیں گے، مولانا فضل الرحمان کا کوئی پتا نہیں افغانستان بیٹھے ہو، وفاقی حکومت کی مداخلت، دھاندلی کے باوجود ہم نے کشمیر کا الیکشن بھی جیتا، عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کی کوئی بنیاد نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں