عمران خان نے جیو کیخلاف لندن میں قانونی کارروائی شروع کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پرجیو کے خلاف لندن میں قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے برطانیہ میں وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ جیو ٹی وی لمیٹڈ کے خلاف پری ایکشن پروٹوکول فار میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کلیمز کے تحت قانونی کارروائی شروع کریں۔

 

 

عمران خان کے مطابق دعویٰ کا باضابطہ خط آج لندن میں جیو ٹی وی لمیٹڈ کو بھیج دیا گیا ہے اور ان کے پاس جواب دینے کے لیے 14 دن ہیں۔خیال رہے کہ کچھ روز پہلے جیو نیوز کے پروگرام “آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں عمران خان پر توشہ خانہ کی گھڑی سستے داموں نقد رقم کے عوض دبئی میں فروخت کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ یہ الزام دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد نارویجن بزنس مین عمر فاروق ظہور نے لگایا تھا اور کہا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح گوگی نے سعودی عرب کے ولی عہد کی طرف سے دی گئی گھڑی دو ملین ڈالر میں فروخت کی تھی۔ اس پروگرام کے بعد عمران خان نے دبئی اور برطانیہ میں چینل اور عمر فاروق ظہور کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں