سندھ فتح کرنے کی تیاریاں، عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا

لاہور ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جنوری میں سندھ میں بھرپور عوامی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عمران خان نے جنوری میں صوبہ سندھ کا دورہ کرنے اور وہاں بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا اور ملاقات میں عمران خان کے دورہ سندھ کے پلان کو بھی حتمی طور پر منظور کرلیا گیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سندھ سے پہلے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور مرکزی قیادت آئندہ ہفتے سے سندھ کا دورہ شروع کرے گی، جس کے بعد عمران خان خود بھی سندھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، عمران خان نے ارکان سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بھرپور تنظیم سازی کی جائے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے علی حیدر زیدی کی قیادت میں سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے ملاقات کی تھی، اس موقع پر صوبہ سندھ کے تمام 26 اراکین صوبائی اسمبلی کے استعفے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کردیئے گئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہیں، صوبائی اسمبلی کی نشستیں عمران خان اور پارٹی کی امانت ہیں، کپتان جب حکم دیں گے اسمبلی سے نکل کر کرپٹ زرداری راج کا مقابلہ کریں گے۔

اہلِ سندھ اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے عمران خان کے دست و بازو ہیں، سندھ کرپٹ، نااہل، بددیانت اور سفاک راج سے نجات چاہتا ہے، آئندہ انتخابات میں سندھ میں پی ٹی آئی ہی واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں