پنجاب میں سود لینے پر دس سال قید کی سزا مقرر

لاہور ( پی این آئی ) صوبہ پنجاب میں سود لینے پر 10 سال کی سزا مقرر کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے صدر وفاق المدارس العربیہ کی قیادت میں علماء کے وفد نے ملاقات کی، اس دوران اسلام کے بنیادی اصولوں کی ترویج اور شرعی قوانین کے نفاذ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں علمائے کرام نے دین کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات پر پرویز الہٰی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پروزی الٰہی نے کہا کہ نجی سطح پر سود لینے پر 10 سال کی سزا مقرر کی گئی ہے اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے لیے بھی قوانین سازی کی گئی ہے، پہلی بار نکاح نامے میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علما کی دعاؤں اور برکتوں سے سارے کام سیدھے ہو رہے ہیں، پنجاب میں طلبہ کے لیے ناظرہ اور ترجمہ قرآن لازمی کر دیا گیا ہے، بچوں کا ذہن دین کی طرف راغب ہو گا تو قوم بنے گی، ناظرہ، ترجمہ قرآن پڑھانے کے لیے علما، حفاظ کی ایک لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے انگلینڈ سے آنے والے پاکستانی نژاد وفد نے ملاقات کی، وفد میں پولو کے سابق کھلاڑی، کوچ اور آئی ٹی ماہرین شامل تھے، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت پنجاب میں پولو کھیل کے فروغ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دور حاضر میں تیز ترین ترقی کا پائیدار راستہ ہے، پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30 سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں