عمران خان اسمبلیاں توڑیں گے یا نہیں؟ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بڑا دعویٰ کر دیا

لودھراں ( پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ اسمبلیاں توڑ یں گے تو دو صوبوں میں الیکشن ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان بات کرنا چاہ رہے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تاکہ راستہ نکلے، جب عمران خان نے الیکشن کرانے کا ہمارا مطالبہ نہ مانا تھا تو ہم کیسے مانیں؟ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ الیکشن ہوئے تو دو تہائی اکثریت ملے گی، آئندہ بھی مخلوط حکومت بنے گی۔اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق انہوں نے کہا حقیقت یہ ہے کہ جو وزیراعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کرا سکا وہ اسمبلی کیسے توڑے گا؟ عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے، پی ٹی آئی نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا، جب ان کی باری آئی ہے تو کہتے ہیں فوری الیکشن ہو جائیں، ہم نے چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10 دس سال قید بھگتی ہے، ان کے تو بڑے کیسز ہیں اس لیے خوفزدہ ہیں اور فوری الیکشن چاہتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی رہی تو ہم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی طرف جائیں گے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ممبران اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ حلقوں میں واپس پہنچیں اور انتخابات کی تیاری کریں کیوں کہ اگر پی ڈی ایم انتخابات سے ایسے ہی بھاگتی رہی جیسے اب بھاگ رہی ہے تو ہم مزید وقت ضائع کیے بغیر پنجاب اور پختونخواہ کےصوبائی انتخابات کے لیے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔

close