لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور گورنرراج کی باتیں گیدڑبھبھکیاں ثابت ہوں گی، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے ،اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئےعمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔
وزیراعلیٰ پرویز الہٰی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے قواعد وضوابط اور دیگر قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آئینی صورتحال کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اپوزیشن کے غیرآئینی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جس کا ساتھ دیتے ہیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں، پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں، اپوزیشن والوں کے نمبر کم ہیں اور باتیں زیادہ کرتے ہیں۔چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ 27 کلومیٹر کے وزیراعظم کے پاؤں تلے سے زمین سرک رہی ہے۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں متحد اور متفق ہیں، عمران خان لیڈر ہیں اور رہیں گے۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، ان جیسا رہنما مدتوں میں ملتا ہے۔
غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے، پنجاب اسمبلی اوروزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔ اسی طرح دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے کہا عمران خان نے غیر مشروط مذاکرات کی پیش کش نہیں کی بلکہ عمران خان کا پہلے دن سے مطالبہ ہے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں تو پھر ہم مذاکرات کریں گے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال خراب ہے، وزارت دفاع کو مزید پیسے چاہئیں، سفارت خانے کے عملے کی تنخواہیں نہیں مل رہیں، اس تمام تر صورتحال میں یہ بہت خطرناک ہو گا اگر حکومت خود پاکستان کو ڈیفالٹ ڈکلیئر کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں