اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ارد گرد موجود سانپ جوسیاست کر رہے ہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں،یہ سانپ لے ڈوبیں گے۔ سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ کے حکم اور خواہش کے مطابق نہ تو پنجاب حکومت ٹوٹتی نظر آ رہی ہے نہ کے پی حکومت۔نظام ایسے ہی چلتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سر بند گلی سے نکلیں ٹیبل پر بیٹھیں اورسسٹم میں رہتے ہوئے اس نظام کو بدلیں۔منفی سیاست جو آپ کے ارد گرد سانپ کر رہے ہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں- یہ سانپ پہلے ہی لے ڈوبیں ہیں۔خیال رہے کہ فیصل واوڈا نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے لانگ مارچ خونی ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔فیصل واوڈا کی متنازع پریس کانفرنس کے بعد نہ صرف پی ٹی آئی رہنماؤں بلکہ عمران خان کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا۔بعد ازاں فیصل واوڈا کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرے مخالف جو کرنا چاہیں کر لیں ۔میں نے ارشد شریف کیلئے جو کہا ہے اس پر کھڑا ہوں۔فیصل واوڈا نے مزید کہا میں نے اپنی پارٹی کو ایک سچا مشورہ دیا ہے، پہلے بھی کہا چکا ہوں اور آج بھی کہ رہا ہوں کہ کچھ سازشی ہمارے پر امن مارچ میں معصوم لوگوں کو بلی کا بکرا بنا سکتے ہیں،اس میں پارٹی پالیسی کے خلاف کیا ہے؟۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے بھی فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا بعدازاں عمران خان نے فیصل واوڈا کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں