اسلام آباد(پی این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سابق وفاقی وزراء فواد چوہدری،اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سابق وفاقی وزراء فواد چوہدری اوراسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے۔
تینوں رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بی نچ 6 دسمبر کو کرے گا۔عدالت نے مقدمے کے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی بينچ کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، الیکشن کمیشن نے درخواست میں توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف ہائی کورٹس کے حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔بعد ازاں 12 نومبر کو سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی تھی۔چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کے لیے اپنی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہرمن اللّٰہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا۔اگست میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔ترجمان نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں نے مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر من گھڑت الزمات عائد کیے، جس سے ادارے کی ساکھ اور الیکشن کمشنر کی عزت نفس مجروح ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں