پرویز الہٰی نے عمران خان کو اسمبلی تحلیل کے معاملے پر کونسا طریقہ کار اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا

لاہور (پی این آئی) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسمبلی تحلیل کے معاملے پرموجودہ سیاسی صورتحال میں موثر طریقہ اختیار کرنے کا مشورہ دیدیا جبکہ عمران خان مزید مشاورت کی غرض سے(آج) جمعہ کوپنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی کے درمیان

ہونے والی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال خاص طور پر پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کے معاملے پرموجودہ سیاسی صورتحال میں موثر طریقہ اختیار کرنے کا مشورہ دیدیا۔پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسمبلیاں تحلیل اور مستعفی ہونے پرملک کو عام انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔وزیراعلی پنجاب نے مشورہ دیا کہ

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل پی ڈی ایم کو آئینی آپشنز استعمال کرنے دیں، پی ڈی ایم کے پاس پنجاب میں عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ ارکان نہیں۔پی ڈی ایم صرف شور شرابہ کر رہی ہے ان کو ایوان میں شکست فاش دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان آج جمعہ کے روز پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close