اسلام آباد (پی این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو قبل از وقت انتخابات ہوجائیں گے، لیکن یہ ہمارے اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہوں گے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تحریک عدم اعتماد لائیں گے، مذاکرات کیلئے ضروری ہے کہ “بھونکنا” بند کیا جائے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو عام انتخابات ہوجائیں گے، پھر دیکھتا ہوں کہ وہ کتنے ایم پی ایز بناتا ہے، اگر وہ توڑیں گے تو ہم الیکشن لڑیں گے ، اگر وہ نہیں توڑیں گے تو ہم اپوزیشن کرتے رہیں گے، ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں گے، ہمارے پاس نشستیں ہیں، تھوڑے دوست گمراہ ہیں، انہیں واپس لانا ہے، کوئی ایسا طریقہ کریں گے کہ وہ استعفیٰ بھی نہ دیں اور اسمبلی بھی چلے۔صدر کے پاس طاقت تو ہے نہیں تو ہم اس کا مواخذہ کیوں کریں گے؟انہوں نے بتایا کہ ایک فیصلے پر نظر ثانی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کچھ لوگ بیزار ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ ان کی سیٹ چلی جائے گی، بندہ خریدنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی، گفتگو ہوتی ہے ، یہ نہیں ہے کہ میری یوریا اور ڈی اے پی کی ملیں ہیں اور لوگوں کو 50 ، 50 کروڑ کی آفر کرتا ہوں۔
نہیں سمجھتا کہ قبل از وقت انتخاب ہمارے یا جمہوریت کیلئے بہتر ہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں ۔عمران خان سے بات کرسکتے ہیں یا نہیں؟ اس سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بات کرنے کیلئے پہلے انسان کو اپنا کردار ٹھیک کرنا پڑتا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ میں بھونکتا رہوں اور دوسرا آ کر مجھ سے بات کرے ، پہلے آپ تو بھونکنا بند کرو، پھر دوسروں سے بات کرو، اگرعمران خان حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں تو حکومت میاں صاحب ہیں ، وہ ان سے بات کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں