اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنا فیصلہ سناد یا

مانسہرہ (پی این آئی) عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر وزیر اعلٰی پنجاب اور وزیر اعلٰی خیبر پختو نخوا یک زبان ہو گئے،دونوں وزرائے اعلٰی نے دو ٹوک الفاظ میں اپوزیشن کو پیغام دیا ہے کہ عمران خان جب کہیں گے،اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔

 

 

وزیرا علٰی خیبر پختو نخوا محمود خان نے مانسہرہ میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں،عمران خان جب کہیں اسمبلی تحلیل کر دیں گے،خیبر پختو نخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی باتیں فضول ہیں۔امپورٹڈ حکومت ملک کو ڈیفالٹ کر کے جائے گی مگر ہم ہونے نہیں دیں گے۔خیبر پختو نخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی باتیں فضول ہیں،میرے پاس 2 تہائی اکثریت ہے۔امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے،اس کی ہار یقینی ہے،عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی،عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔

 

 

 

ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں،اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔ہم عمران خان کے ساتھ ہیں،غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہو تو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا۔اپوزیشن کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ بات کرنے سے قبل اسمبلی کے رولز آف بزنس کا مطالعہ کر لیا کریں۔اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں،پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close