لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے اپنے ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ پیدا شدہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے ارکان ملک میں موجود رہیں اور قیادت سے رابطے میں رہیں۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں ںے اپنے اراکین کو جمعرات کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، ارکان کو ہدایت ملی ہے کہ جمعہ کو پارٹی چئیرمین عمران خان کی صدارت میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حاضری یقینی بنائی جائے۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاری شروع کردی،تمام اراکین اسمبلی کو مرحلہ وار پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کرکے درخواست پر دستخط کروانا شروع کردئیے گئے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ن لیگ نے تمام اراکین اسمبلی کو مرحلہ وار پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں طلب کر تے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کی درخواست پر دستخط کروانا شروع کردئیے ہیں ۔لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے لیگی اراکین اسمبلی نے پارٹی سیکریٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کی درخواست پر دستخط کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز بھی (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہبازشریف نے پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔
جب کہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے بھی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو ٹیلیفونک گفتگو میں اہم ہدایات دیں۔نوازشریف نے حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی بچانے کا ٹاسک دے دیا۔ ن لیگ نے ارکان پنجاب اسمبلی سے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کرا لیے۔ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی۔ تحریک عدم اعتماد کا مقصد پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے روکنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں