وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کی یورپ میں بحالی سے متعلق بڑا دعویٰ کردیا

لاہور(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ 6 ماہ کے اندر پی آئی اے کو یورپ میں بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ترکوں نے ثابت کیا کہ پاکستان واقعی برادرانہ ملک ہے، ترکش ایئر لائن والے ہمارے مسافروں کو یورپ لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے عروج دیکھا اب بدقسمتی سے زوال کی آخری حدوں کو چھو لیا لیکن اداروں کو سیدھا کرنے اور چلانے کا پتہ ہے۔

پاکستان اور معیشت مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ہمیں بطور قوم اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ 10 برس ہوگئے وی آئی اے پی لاونج کو بہتر نہیں کیا گیا تھا، کراچی میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لاونج کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ لیز سمیت 3 مزید جہاز جلد شامل ہونے جا رہے ہیں اور اس وقت 10 جہاز کا اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 کے قریب ایئرپورٹ بند ہے اور رابطے سے باہر ہیں، کراچی اور لاہور سمیت 3 پلاٹیریمز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، جہازوں کی نشستوں سے فوم غائب ہوگیا ہے اس کو بہتر کر رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے درخواست کی کہ جو پائلٹ ٹیکس کی وجہ سے پاکستان کی ایئرلائن کو چھوڑ کر دوسری ایئرلائن پر جارہے ہیں وہ ایسا نہ کریں کیونکہ وزارت خزانہ سے پائلٹس کے لیے ٹیکسوں کو آسان کرنے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر یا سی ای او کا پروموشن اور فارن پوسٹنگ سے کوئی تعلق نہیں، پی آئی اے میں ہر آنے والی حکومت نے اپنی مرضی کی بھرتی کی۔ وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ جعلی ڈگری والوں کو سزائے موت نہیں دی جا سکتی ہے اور ایسا نہیں تھا کہ سارے ہی جعلی ڈگری والے تھے بلکہ کوئی چند ایک جعلی ڈگری والا ہوگا ان سب کو ایک لاٹھی کے ساتھ نہیں ہانک سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close