پی ٹی آئی کے پاس صرف 150ارکان رہ جائیں گے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد سے بہتر وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے، اگر ہم عدم اعتماد لائیں گے تو ہمیں بندے پورے کرنے ہوں گے ورنہ وہ کریں گے، اسمبلی توڑنے کیلئے ان کے پاس لوگ صرف 150رہ جائیں گے۔

 

 

 

انہوں نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کردیتے ہیں تو پھر پنجاب اور خیبرپختونخواہ دونوں صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، ہم پنجاب کا الیکشن پوری طرح لڑیں گے۔ ہندوستان میں بھی الیکشن مرکز ی حکومت کا الیکشن اور ریاستوں کا الگ الگ ہوتا رہتا ہے، آئین میں صوبوں کے الگ الیکشن کی کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں توڑتے ہیں تو 60روز میں الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں۔ جنرل الیکشن دو اسمبلیاں توڑنے سے نہیں بلکہ سب تحلیل ہونی چاہیے، جب بلوچستان اور سندھ میں الیکشن نہیں ہوں گے تو پھر الیکشن کیسے ہوسکتے ہیں؟پنجاب میں تحریک عدم اعتماد سے بہتر وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے، اگر ہم عدم اعتماد لائیں گے تو ہمیں بندے پورے کرنے پڑیں گے ورنہ انہیں بندوں کو پورا کرنا پڑے گا۔

 

 

 

اگر وہ اسمبلی توڑنے کیلئے لوگوں کو لائیں گے تو 186ارکان نہیں آئیں گے، صرف 150رہ جائیں گے۔ اسی طرح وفاقی وزیر قانون سردار ایاز صادق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اگر اسمبلیاں تحلیل کر دیں تو دوبارہ الیکشن ہوجائیں گے، لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ان کو وفاقی حکومت چاہیے لیکن یہ صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کربھی دیں تو ان کا کیا فائدہ ہوگا؟ الیکشن میں ہوسکتا کہ ان کی سیٹیں کم ہوجائیں ، ان کا مقصد تو حکومت میں آنا ہے تو وہ تو پہلے بھی اسمبلیوں میں ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے، وہاں ان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا ہمارے پاس اچھا پلان ہے،اگر چودھری شجاعت اپنے ارکان کا لکھ کر دے دیتے کہ یہ پارٹی ڈسپلن سے باہر ہیں تو پھر بہت کچھ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ہوئے تو 2018 کی طرح ہم کوئی جہاز استعمال نہیں کریں گے۔

 

 

 

یہاں ایک لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی، حکومت معاشی ایمرجنسی میں مدت بڑھا سکتی ہے مگر اس پر ابھی بحث نہیں ہوئی۔جلد الیکشن کا فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا سکوک بانڈز کی ادائیگی ہوجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close