اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کب کیا جائیگا؟ پی ٹی آئی رہنما نے بتا دیا

لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ جمعے یا ہفتے کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا،اسمبلیوں کی تحلیل اب ہفتوں یا مہینوں کی نہیں بلکہ دنوں کی بات ہے، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے 90 روز میں الیکشن ہوجائیں گے۔

پاکستان کوجس طرح معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے اس کے لیے الیکشن کی ضرورت ہے، کورکمیٹی نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دیا ہوا ہے، یہ اختیار کافی عرصہ پہلے دیا ہوا ہے، عمران خان نے کہا تھا میں مناسب وقت پر فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے میں تاخیر صرف تین دن کی ہوسکتی ہے۔کل اور پرسوں پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کی پارلیمانی پارٹیاں عمران خان سے ملاقات کریں گی اور مشاورت کی جائے گی۔تحریک انصاف چاہتی ہے کہ پورے ملک میں الیکشن میں جانا چاہیے، کیونکہ اب وقت نہیں ہے، جمعے یا ہفتے کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔اب ہفتوں یا مہینوں کی بات نہیں بلکہ دنوں کا بات ہے۔

جس روز اسمبلیاں تحلیل ہوں گی اس کے 90 روز میں الیکشن ہوجائیں گے۔اسی طرح ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی، اسی طرح سندھ اور بلوچستان سے ہمارے اراکین استعفے جمع کرا رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی رابطہ کررہے ہیں کہ ہمارے جن ایم این ایز کے استعفے منظور نہیں کیے ، وہ منظور کیے جائیں ، اس کے بعد اسمبلیوں سے 567 نشستیں خالی ہوجائیں گی، جن پر الیکشن ہوں گے، نگران حکومت بنانے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن ہوجائیں گے، اپوزیشن کو بھی دعوت دیں گے کہ نگران حکومت کیلئے نام بھجوائیں تاکہ مشاورت ہوسکے۔

انہوں نے ابھی وقت ہے کہ پی ڈی ایم قیادت غور کرے کہ ہم پورے ملک میں الیکشن کرائے جائیں۔ اگر الیکشن 8ماہ بعد بھی ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔یہ فیصلہ عمران خان کے اعتماد کا مظہر ہے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ عوام آئندہ بھی ہمیں ووٹ دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں