نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے لیے ایوان صدر پہنچ گئے

اسلام آباد(پی این آئی)نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے لیے ایوان صدر پہنچے جہاں دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نئے آرمی چیف کو مبارکباد پیش کی ۔اس سے قبل نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد ایوان صدر پہنچے تھے۔

صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد جنرل حافظ سید عاصم منیر نئے آرمی چیف بن گئے، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افواج پاکستان میں آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرریوں کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس پر دستخط کردیے ہیں۔

جس کے بعد جنرل حافظ سید عاصم منیر پاک فوج کے نئے آرمی چیف جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا افواج پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کردیے گئے ہیں۔ نئے آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر 29 نومبر کو جی ایچ کیو میں کمان تبدیلی کی منعقدہ تقریب میں پاک فوج کی باقاعدہ کمان سنبھالیں گے۔ جبکہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے حکومتی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کیا تھا۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات مقرر کردیا گیا ہے۔ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close