ارشد شریف قتل کیس میں اہم انکشافات کرنیوالے تسنیم حیدر کا بلاوا آگیا

اسلام آباد ( پی این آئی) سنیئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں اہم انکشافات کرنے والے تسنیم حیدر کو ایف آئی اے کا بلاوا آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے ارشد شریف قتل کیس میں تسنیم حیدر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ایف آئی اے کی دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے تسنیم حیدر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا اور انہیں ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تسنیم حیدر نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے اہم انکشافات کئے اور دعویٰ کیا کہ ارشد شریف کا قتل اور عمران خان پر حملے کی سازش لندن میں ہوئی۔ جبکہ اُردوپوائنٹ سے گفتگو میں تسنیم حیدرکا کہنا تھا کہ 12 اکتوبر کو ناصربٹ میرے پاس آئے اور کہا کہ مریم نواز، شہباز شریف اور بڑے میاں صاحب کا بہت پریشر ہے اور ہم نے یہ کام کروانا ہے، ہم نے اس کا بندوبست کرلیا ہے پھر ارشد شریف کے قتل کے بعد جب لانگ مارچ شروع ہوا تو ناصر بٹ نے مجھے کہا اب آپ نے جو کام بولا تھا وہ کروائیں، میں نے کہا شوٹر چاہئیں تو وہ مجھے نوازشریف کے پاس لے کر گئے جہاں ون ٹو ون ملاقات ہوئی، انہوں نے کہا آپ شوٹر ہمارے حوالے کریں انہیں وزیرآباد میں جگہ دیں گے۔

ن لیگ کے مبینہ ترجمان نے کہا کہ نوازشریف نے مجھ سے 2 شوٹر مانگے کیوں کہ ناصر بٹ نے میرا تعارف ایسے کرایا تھا کہ ہم گجرات میں بہت مضبوط ہیں اور جب انہوں نے مجھ سے بھی کہا کہ عمران خان کے قتل کیلئے شوٹر دیں تو میں نے دیکھا کام تو بالکل ہی دوسری طرف جارہا ہے، یہ تو پارٹی ہمیں کسی اور طرح سے استعمال کرنا چاہتی ہے اس لیے پھر میں پیچھے ہٹ گیا، اب میں نے حقیقت بتائی ہے کہ دفتر کے اندر اور باہر کیا ہوتا ہے،اندر ساری مجرمانہ سرگرمیاں اور عوام کے سامنے کوئی اور چہرہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close