مقدمہ اندراج کے لیے رشوت کی طلبی، بزرگ شہری نےخودسوزی کی دھمکی دے دی

کراچی(آئی ا ین پی ) سائٹ اے تھانے کی حدود سے چوری ہونے والی کار کا مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے پر ضعیف شہری نے خودسوزی کی دھمکی دیدی۔ حبیب بینک چورنگی سلائی مشین کمپنی کے قریب پارکنگ سے چوری کی جانے والی ٹویوٹا کرولا کار کا تاحال سراغ نہ مل سکا جب کہ کار کا ملک دن رات تھانے کے چکر لگانے پر مجبور ہوگیا۔

دوسری جانب پولیس کار چوری کی ایف آئی آر درج کرنے کے لیے مبینہ طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت مانگ رہی ہے۔ یہ بات سائٹ اے تھانے کے ایک انویسٹی گیشن افسر نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا کرولا کار نمبر AFL-460 کا ضعیف العمر مالک، جس نے کار قسطوں پر لی تھی ، جو تقریبا پوری ہو چکی تھیں صرف ، ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے باقی تھے کہ کار 16 نومبر کی شب اچانک سائٹ اے تھانے کی حدود سے چوری ہوگئی ۔ گاڑی کے مالک افضل نے تھانے جاکر تفصیلات ڈیوٹی افسر کو بتائی تو اس نے ایس ایچ او کو وہی تفصیلات بتا دیں۔ بعدازاں ڈیوٹی افسر نے کار چوری کی ایف آئی آر درج کرنے کے مبینہ طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے طلب کیے۔بدھ کی شب کار کا مالک ڈیوٹی افسر کے سامنے دھاڑیں مار کر رویا اور خود کو آگ لگانے کی دھمکی دی۔ خودسوزی کی دھمکی پر بھی ڈیوٹی افسر نے کہا کہ میں تمہارے لیے یہ کر سکتا ہوں کہ مبینہ طور پر 30 ہزار روپے کی رقم دے دو اور اگر یہ بھی نہیں دے سکتے تو تم خود کو آگ لگا،

خواہ کچھ بھی کرو، ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی۔پولیس افسر نے بتایا کہ کار کا مالک آج ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست لے کر ڈی آئی جی آفس جائے گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں