آرمی چیف کی تعیناتی، صدر مملکت کتنے دن تک سمری کو روک سکتے ہیں؟ سابق جسٹس نے قانونی پہلو بتا دیا

اسلام آباد ( پی این آئی ) نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 243 میں لکھا کہ جو ایڈوائس بھجوائی جائے گی صدر کو اسے منظور کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 48 میں لکھا ہے کہ صدر 15 دن کے اندر ایڈوائس واپس بھیج سکتے ہیں۔

 

 

 

جس کے بعد وہ مزید 10 دن تک ایڈوائس اپنے پاس رکھ سکتے ہیں ، لیکن اگر 25 دن تک صدر فیصلہ نہیں کرتے تواور تاخیر کرتے ہیں تو جو وزیراعظم کی ایڈوائس ہو گی وہ منظور ہو جائے گی۔جسٹس ریٹائر شائق عثمانی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جو جنرل ریٹائر ہو جائے اس کی آرمی چیف کی تعیناتی نہیں ہو سکتی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صدر پاکستان مجھ سے رابطے میں ہیں اور آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر مشورہ کریں گے۔عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہم تعیناتی کی سمری کے حوالے سے صدر سے رابطے میں ہوں، سمری سے متعلق صدر عارف علوی مجھ سے بھی بات کریں گے، اہم تقرری کے لیے وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے جاتا ہے، میں تو پارٹی کا سربراہ ہوں اس لیے میری پارٹی کے صدر مجھ سے ضرور بات کریں گے، نام فائنل ہونے کے بعد اپنے سیاسی حق کے استعمال کا فیصلہ کریں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے اپنا آرمی چیف لاکر ہمیں مار پڑوائے گا تو قوم اس کے خلاف کھڑی ہوگی۔

 

 

 

میں سمجھتا ہوں جو حالات بنادیے گئے ہیں قوم میں جذبہ ہے کہ وہ اس کو قبول نہیں کرے گی اور ملک جس طرح چلایا جارہا ہے قوم اسے بھی قبول نہیں کرے گی، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کی ہے، سمری میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام شامل ہیں، سمری میں شامل ناموں میں سے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی منتخب کیے جائیں گےسمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے، دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے جب کہ سمری میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام بھی شامل ہے۔ ادھر وزیر اعظم آفس نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں سے متعلق وزارت دفاع سے سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے، وزیر اعظم آفس نے کہا کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے ناموں کا پینل موصول ہوا اور وزیراعظم تعیناتیوں پر فیصلہ طریقہ کار کے تحت کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں