اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق اپنا آئینی حق استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آرمی چیف کی تعیناتی کو غیر متنازع رکھنے کی کوشش کی لیکن شریف فیملی نے خود آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازعہ بنایا جب کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق عمران خان کا موقف واضح ہے۔
کوئی بھی آرمی چیف کیلئے عمران خان کا فیورٹ نہیں ہے، عمران خان نے ہمیشہ میرٹ کی بات کی، اسی لیے پی ٹی آئی نے آرمی چیف کی تعیناتی کے مرحلے سے خود کو دور رکھا تاہم آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق اپنا آئینی حق استعمال کریں گے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں یہ حق واپس ملنا چاہیے کہ وہ ملک کے فیصلے کریں، اگر ادارے خود کو سیاست سے دورہ رکھتے ہیں تو یہ ملک کیلئےسب سے بہتر ہے، فری اینڈ فیئر الیکشن ہی ملک میں استحکام لائیں گے، 26تاریخ کو اپنے اگلے لائحہ عمل کا بتائیں گے اور جب تک یہ الیکشن کااعلان نہیں کریں گے ہمارا سڑکوں پر احتجاج جاری رہے گا۔اس سے پہلے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ صدر پاکستان مجھ سے رابطے میں ہیں اور آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر مشورہ کریں گے، اہم تعیناتی کی سمری کے حوالے سے صدر سے رابطے میں ہوں۔
سمری سے متعلق صدر عارف علوی مجھ سے بھی بات کریں گے، اہم تقرری کے لیے وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے جاتا ہے، میں تو پارٹی کا سربراہ ہوں اس لیے میری پارٹی کے صدر مجھ سے ضرور بات کریں گے، نام فائنل ہونے کے بعد اپنے سیاسی حق کے استعمال کا فیصلہ کریں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے اپنا آرمی چیف لاکر ہمیں مار پڑوائے گا تو قوم اس کے خلاف کھڑی ہوگی، میں سمجھتا ہوں جو حالات بنادیے گئے ہیں قوم میں جذبہ ہے کہ وہ اس کو قبول نہیں کرے گی اور ملک جس طرح چلایا جارہا ہے قوم اسے بھی قبول نہیں کرے گی، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کی ہے، سمری میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام شامل ہیں، سمری میں شامل ناموں میں سے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی منتخب کیے جائیں گے۔
سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے، دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے جب کہ سمری میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام بھی شامل ہے۔ادھر وزیر اعظم آفس نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں سے متعلق وزارت دفاع سے سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے، وزیر اعظم آفس نے کہا کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے ناموں کا پینل موصول ہوا اور وزیراعظم تعیناتیوں پر فیصلہ طریقہ کار کے تحت کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں