ڈیفنس میں پولیس اہلکار کا قتل، ملزم کے والدین نے بیٹے سے لاتعلقی ظاہر کردی

اسلام آباد (پی این آئی)ڈیفنس میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم خرم نثار کے والدین نے بیٹے سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔جیو نیوز کے مطابق تفتیشی حکام کے مطابق پولیس نے ملزم خرم نثار کے والدین کا بیان ریکارڈ کرلیا جس میں ملزم کے والدین نے خرم نثار سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔پولیس کے مطابق والدین نے بیان میں کہا ہمیں نہیں معلوم کہ اس وقت خرم کہاں ہے، خرم سال میں ایک دفعہ پاکستان آتا ہے اور وہ پاکستان آکرکیا کرتا ہے ہمیں نہیں معلوم۔

والدین نے اپنے بیان میں کہا کہ خرم کی حرکتوں کے ہم بالکل بھی ذمےدار نہیں۔تفتیشی حکام نے بتایا کہ خرم کے بیان کے بعد اس کے والدین کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔دوسری جانب کراچی میں کار سوار کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا، کار سوار مبینہ طور پر ایک لڑکی کو اغوا کر کے لے جا رہا تھا، پولیس اہلکاروں کے روکنے پر واقعہ پیش آیا۔ ڈی آئی جی ساتھ عرفان بلوچ نے کہا ہے ملزم گاڑی میں ایک لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرکے لے جارہا تھا۔

شاہین فورس کے اہلکاروں نے گاڑی کو روکا تو پوچھ گچھ کے دوران لڑکی بھاگ گئی۔گاڑی میں بیٹھے پولیس اہلکار اور ملزم کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تو ملزم کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا، کار سوار لاش چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ جبکہ ایس ایس پی ساتھ سید اسد رضا نے کہا ملزم کو تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close