اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ارشد شریف قتل کے شواہد ابھی پیش نہیں کیے، یہ تکلیف دہ معاملہ ہے،اس کیس میں گھٹیا قسم کا مذاق نہیں کرنا چاہیے،انہوں نے دعوی کیا کہ ارشد شریف کا سازشی قتل ہوا اور قریب سے گولی ماری گئی، نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک میں نے پریس کانفرنس نہیں کی تھی پاکستان سویا ہوا تھا،
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کا فون اور آئی پیڈ نہیں ملا، جو قتل میں ملوث ہیں وہ طاقتور، پلانر اور سمجھدار ہیں، مجرمان کو پکڑنا چاہیے جو پاکستان سے باآسانی نکل جاتے ہیں، ہمیں گولی چلانے والے نہیں بلکہ چلوانے والے تک پہنچنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ مارچ تک دھکیلنا عمران خان کو بند گلی تک لے جانا ہے اور عمران خان کو نااہل کرواکے وزیراعظم میں نے نہیں انہی لوگوں نے بننا ہے، عمران خان پارٹی کے اندر سے صفائی کریں، وہ میرے لیڈرتھے، ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،جب بلائیں گے جائوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں