سیلاب متاثرین کیلیے عطیات، عمران خان کو کتنے ارب روپے ملے؟ ثانیہ نشتر نے بڑا اعتراف کر لیا

اسلام آباد (آئی این پی)پی ٹی آئی کی سینیٹر ثانیہ نشتر نے 4 ارب 30 کروڑ روپے ملنے کا اعتراف کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران ثانیہ نشتر نے کہا کہ میراتھون میں عمران خان کو 15 ارب روپے کے عطیات کے وعدے کئے گئے لیکن ابھی تک انہیں صرف 4 ارب 30 کروڑ روپے ہی آئے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ ملنے والے عطیات میں سے ایک ارب 30 کروڑ روپے خیبر پختونخوا حکومت کو دیئے جو خرچ ہوچکے، پنجاب میں 2 ارب روپے کی تقسیم ایک روز قبل شروع کی گئی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ سندھ میں ایک ارب روپے نقصانات کا ڈیٹا ملنے پر تقسیم کیے جائیں گے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ متاثرین کو ادائیگی بینکوں میں بائیومیٹرک سے اور سی سی ٹی وی کے سامنے ہوگی، اس کے لئے پنجاب بینک اور خیبر بینک عطیات پر سروس چارجز نہیں لے رہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 18 ملین ڈالر کے کریڈٹ کارڈ عطیات مل ہی نہیں سکے، ڈونرز سے ٹیکس فری عطیات لینے کیلئے امریکا میں اکانٹ کھول لیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں