عمران خان نے لمبے عرصے کیلئے نگراں سیٹ اپ کی پیشکش مسترد کردی ، نجی ٹی وی

لاہور ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے لمبے عرصے کیلئے نگراں سیٹ اپ کی پیشکش مسترد کردی ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان کو صدر مملکت عارف علوی اور مشترکہ دوستوں کے ذریعے پیغامات دیئے گئے تھے۔حالیہ رابطوں میں عمران خان کو 5 ماہ کے نگراں حکومت کا آپشن دیا گیا تاہم پی ٹی آئی چیئرمین نے اس آپشن کو یکسر مسترد کردیا ۔اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ

آئین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، نگراں حکومت کا کام صرف مقررہ مدت میں نئے انتخابات کرانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیشکش کرنے والوں کے عمران خان سمیت نواز شریف سے بھی بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور حکومت اس آپشن پر راضی تھی تاہم عمران خان کی جانب سے انکار نے سیاسی صورتحال پر پھر سوالیہ نشان لگا دیا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف طویل عرصے کے لیے نگراں حکومت کے خواہشمند ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں