وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا آرمی چیف کی دینی خدمات پر خراج تحسین

لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔چودھری پرویز الہی نے رائے ونڈ کے لئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کر دیا، پرویز الہی نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی،پاجیاں چوک پر تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی،

تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے کے بعد میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعو دی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے بات کرنے کی استدعا کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعودی ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ان کو تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی ہٹوانے پر ہمیشہ اجر پہنچتا رہے گا۔ طلبہ کو ترجمہ اور ناظرہ قرآن مجید کے فیصلے کا اجر عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کو بھی ملے گا۔ جو کام ہم نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یا درہے گا، جب سے پاکستان بنا ہے یہ کام نہیں ہوا، تبلیغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کا چہرہ ہے، بعض لوگوں کی وجہ سے بد قسمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا مثبت تشخص متاثر ہوا۔پرویز الہی نے کہا کہ رائے ونڈ کے نام سے بھی محبت ہے، اپنے پہلے دور اقتدار میں رائے ونڈ میں 30 ہزار کی گنجائش والی مسجد بنائی، آج بھی دنیا بھر سے جماعتیں وہاں آتی ہیں، سب محکموں کو رائے ونڈ کے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے،

رائے ونڈ کے ترقیاتی منصبوں کے لئے متعلقہ محکمے آج ہی متحرک ہوں اور مارچ تک تکمیل کا ہدف پورا کریں، رائے ونڈ کے علاقے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پٹرولنگ پوسٹ اور ایمرجنسی امداد کے لئے ریسکیو 1122 مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں دین کا بیج بونا ضروری ہے، نوجوانوں میں منشیات سے نجات کے لئے قانون سازی سمیت متعدد اقدامات کر رہے ہیں، دعا ہے اللہ ہمیں دین کی خدمت اور کام کرنے کی توفیق اور موقع دے، علما کے مشورے سے نماز جمعہ میں عربی خطبے کے ساتھ ساتھ اردو ترجمہ بھی سنانے کا فیصلہ کر رہے ہیں، نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل نہ ہونے سے دھوکہ دہی کی جاتی تھی۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ کا تبلیغی اجتماع پاکستان ہی نہیں بلکہ شاید دنیا بھر میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا تبلیغی اجتماع ہے، اجتماع میں اہل ایمان اللہ تعالی کی رضا کیلئے آتے ہیں اور فیضیاب ہوتے ہیں۔ تبلیغی اجتماع میں آنے والے شرکا ہمارے مہمان ہیں، ان کی سہولت، آسانی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع کے شرکا کی آسانی کیلئے ہم نے انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور اسے توسیع دینے کافیصلہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close