آرمی چیف سے متعلق ایڈوائس آئی تو کیا کروں گا؟ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کااہم اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بارے وزیر اعظم کی ایڈوائس آئی تو اس پر عمل کریں گے،میرے پاس وزیر اعظم کی ایڈوائس روکنے کا قانونی اختیار نہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے قریبی دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سے متعلق وزیر اعظم کی ایڈوائس آئی تو اس پر عمل کریں گے،میرے پاس وزیر اعظم کی ایڈوائس روکنے کا قانونی اختیار نہیں ہے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ مملکت کے معاملات میں کبھی رخنہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی۔عمران خان اور پی ڈی ایم کے موقف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے موجودہ صورتحال پر پی ڈی ایم کے موقف سے متعلق صدرِ مملکت کو آگاہ کیا۔جب کہ صدرِ مملکت نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مطالبہ اسحاق ڈار کے سامنے رکھا۔ملاقات میں آئندہ چند روزمیں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،جبکہ گزشتہ روز اسحاق ڈار کی آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے نوازشریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ وزیر خزانہ وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس پہنچے جہاں آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم تقرری و باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا گیا جبکہ اسحاق ڈار نے آصف زرداری کا پارٹی قائد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔اسحاق ڈار نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں