شوقین افراد کیلئے بُری خبر، گاڑیاں مزید مہنگی ہوگئیں

لاہور (پی این آئی )انڈس موٹر کمپنی نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ کر دیاہے ۔پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق ٹیوٹا کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور افراط زر میں اضافے کے باعث خام مال کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں جس کے باعث گاڑی کی لاگت میں بھی اضافہ ہو رہاہے۔

 

 

 

صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔کمپنی کی جانب سے کرولا 1.6 سی وی ٹی کی قیمت ایک لاکھ 90 ہزار بڑھاتے ہوئے 49 لاکھ 79 ہزار روپے کر دی ہے جبکہ اس کی پرانی قیمت 47 لاکھ 89 ہزار روپے تھی ۔اس کے علاوہ کرولا 1.6 سی وی ٹی (سپیشل ایڈیشن ) کی قیمت میں 2 لاکھ روپے کا یک مشت اضافہ کیا گیاہے ، جس کی نئی قیمت 54 لاکھ 79 ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ پرانی قیمت 52 لاکھ 79 ہزار روپے تھی ۔کرولا کے علاوہ کمپنی نے اپنی مشہور گاڑی ’ ریوو‘ (Revo) کی قیمتیں بھی بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے ،، ٹیوٹا ہیلکس کی قیمت 6 لاکھ 20 ہزار روپے کر دی گئی ہے جو کہ 90 لاکھ 69 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ پرانی قیمت 84 لاکھ 49 ہزار روپے تھی ۔ اس کے بعد ٹیوٹا ہیلکس ریو و 2.8 کی قیمت میں 6 لاکھ 70 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت 98 لاکھ 39 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ٹیوٹا ہیلکس ریوو جی آٹومیٹک 2.8 ویرینٹ کی قیمت میں 7 لاکھ روپے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ 9 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں