سیاسی سفر تحریک انصاف کیساتھ ختم ہو گا، عمران خان کیساتھ تعلق رہے گا، فیصل واوڈا کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میرا تعلق احترام کا تھا ہے اور رہے گا، کابینہ میں میرا اور شہزاد اکبر کا جھگڑا ہوا تھا۔ میں نے عمران خان کو شہزاد اکبر کے بارے میں کہا تھا یہ باہر چلا جائے گا۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ لندن سے فنڈز آئے تھے، اس پر مجھے بلایا گیا۔

اس سارے معاملے پر کابینہ میں، میں نے اور شیریں مزاری نے سوال اٹھائے تھے۔ میرے خیال میں فواد نے بھی سوال کیا تھا۔ اس معاملے پر بیرسٹر شہزاد اکبر نے بریفنگ دی تھی۔ ایک ملک کے سر پر رکھ کر یہ سائن کروایا گیا۔ مجھے پوچھیں اعظم خان پیسے کے لین دین میں شامل ہے کہ نہیں۔ یہ غلط کام بلاوجہ کابینہ سے کروایا گیا تھا۔ میرا اور شہزاد اکبر کا جھگڑا ہوا تھا۔ پاکستان کے خزانے کو 190 ملین پانڈز کا نقصان ہوا۔ عمران خان کو شہزاد اکبر کے بارے میں کہا تھا کہ یہ باہر چلا جائے گا۔سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے گرد سازشی کیڑے پھر رہے ہیں۔ میں نہ وعدہ خلاف گواہ بنا تھا نہ کبھی بنوں گا۔ عمران خان اپنے لوگوں پر بے جا بھروسا کرتے ہیں۔ آئی بی بھی اس وقت وہی رپورٹ کرتی تھی جو شہزاد اکبر کہتے تھے ۔ جب ارشد شریف کا قتل ہوا تو جھوٹی کہانی سامنے آئی، میں نے تب بھی کہا تھا کہ یہ پلان کیا گیا ہے، پاکستان میں پلان ہوا۔عمران خان کو اللہ نے عزت دی ہے۔ عمران خان کے ساتھ لوگوں کی محبت ہے ۔ پی ڈی ایم کے ساتھ لوگوں کی نفرت ہے۔ اس مارچ سے کس کو فائدہ پہنچے گا ؟۔ کون یہ مقاصد حاصل کروانا چاہ رہا ہے؟۔لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جب آپ کی شہرت اتنی ہے کہ آپ دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیت جائیں گے تو ایسے میں مارچ کی ضرورت ہے۔ فواد چودھری کو ایک جھوٹ کے پیچھے کئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا سیاسی سفر تحریک انصاف کے ساتھ شروع ہوا تھا اور تحریک انصاف کے ساتھ ہی ختم ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close