اسلام آباد (آئی این پی)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی حکمران چاہے گھڑیاں بیچنے والا ہو یا نہ بیچنے والا، توشہ خانہ کی سہولت نہیں ہونی چاہیے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے توشہ خانہ بند کرنے کی سفارش کردی جبکہ میرا بھی خیال ہے کہ توشہ خانہ کی سہولت ختم ہوجانی چاہیے۔
وزیردفاع نے کہا کہ گھڑی کے معاملے پرعمران خان نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا پرشور مچانے کے بجائے عدالت میں جانا بہترین راستہ ہے، برطانیہ، یواے ای سمیت وہ چاند پر بھی جانا چاہیں تو ضرور جائیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ غیرملکی شخصیات کے تحفوں کی اہمیت اور قدرہے، دعوی کیا کہ یہ ابھی ٹریلر ہے، فلم ابھی چلنی ہے۔ توشہ خانہ کی باقی تفصیلات اس طرح کی نہیں ہے۔تحریک انصاف لانگ مارچ سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ اب لانگ مارچ کا وہ خطرہ نہیں جو 15 یا 20 روز پہلے تھا، اب تو ہر جگہ ہزار یا1200 لوگ ہوتے ہیں۔ لانگ مارچ اب اتنا اہم نہیں رہا کہ وہ حکومت کیلئے اتنا بڑامسئلہ بن جائے۔ عمران خان گھر سے تقریر کرتے ہیں، تحریکیں آن لائن تقریروں پر نہیں چلتیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ توان کا قطعی طورپرنہیں ہے، آرمی چیف کوتاحیات توسیع دینے کی بات عمران خان نے کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں