عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، انٹیلیجنس رپورٹس نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد (آئی این پی) مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اس حوالے سے ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹس بھی ہیں، انہیں پنجاب حکومت فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت پر عمران خان کی سیکیورٹی بھی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔

جمعرات کو مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اس حوالے سے ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹس بھی ہیں، وزیرآباد حملے سے پہلے بھی انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ عمران خان پر حملہ ہو سکتا ہے جو ہوا اور اللہ کا شکر ہے وہ محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تھریٹس بڑھ گئے ہیں جس کے لئے انہیں پنجاب حکومت فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے،صوبائی حکومت پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت پر عمران خان کی سیکیورٹی کرے گی۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ وزیر آباد حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حملہ کرنے والے دو شوٹر تھے اور جس ایک شوٹر کو گرفتار کیا گیا ہے وہ وہی باتیں کر رہا ہے جو مسلم لیگ نون کی قیادت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار حملہ آور کی ویڈیوز لیکس ہونے کا معاملہ میں تحقیقات جاری ہیں اور قاتلانہ حملے کے واقعے پر جے آئی ٹی نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

پنجاب حکومت پولیس اور جے آئی ٹی کو ہدایات ہیں کہ تحقیقاتی رپورٹ کو کم سے کم وقت پر مکمل کیا جائے اور رپورٹ کی تفصیلات عوام کے لائی جائیں۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی قائم جے آئی ٹی میں پولیس کے علاوہ دیگر اداروں کو شامل نہ کرنے کا مقصد ہے، ہم ان ادارے کے لوگوں کو کمیٹی میں شامل نہیں کر سکتے ہیں جن لوگوں پر الزامات ہیں اور وہی لوگ ان اداروں کو پیڈ کررہے ہیں کیونکہ جن پر الزامات ہیں وہ اداروں کی سربراہی کر رہے ہیں تو ان کے اہلکار کیسے شفاف تحقیقات کریں گے، پنجاب حکومت کی بنائی گئی جے آئی ٹی آئین و قانون کے مطابق ہے، وفاقی حکومت کے بیانات معاملے کو متنازعہ بنانے کیلئے دے رہی ہے۔ سرفراز چیمہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ کوئی مذہبی جنونیت کا نہیں بلکہ باقاعدہ سازش تھی اور ہم اس حوالے سے تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

close