سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف جے یو آئی کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ نے لانگ مارچ کیخلاف جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضٰی کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے موقف کے بعد حکم جاری کرنے کی کوئی وجہ نہیں،حالات خراب ہوتے ہیں تو عدالت سے دوبارہ رجوع کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں لانگ مارچ کیخلاف جے یو آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں لانگ مارچ سے متعلق کیس زیر التوا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ اگر کوئی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایگزیکٹیو کے پاس وسیع اختیارات موجود ہیں،کیا عدلیہ کی مداخلت سے انتظامیہ اور پارلیمنٹ کمزور نہیں ہو گی؟ جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے کہ انتظامیہ کو متحرک کریں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں،آئے روز اسلام آباد میں پارلیمنٹ سمیت کئی جگہوں پر احتجاج ہوتے ہیں۔جسٹس عائشہ ملک نے کامران مرتضٰی سے استفسار کیا کہ کیا کبھی باقی احتجاج کے خلاف آپ عدالتوں میں گئے ہیں؟ ایک مخصوص جماعت کے لانگ مارچ میں ہی عدالت کی مداخلت کیوں درکار ہے؟ درخواست گزار سینیٹر کامران مرتضٰی نے کہا کہ لانگ مارچ کی وجہ سے ایک پورا صوبہ مفلوج رہا ہے۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ آپ کے مطابق تو ایگزیکٹیو کے اختیارات تو 27 کلومیٹر تک محدود ہیں،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کامران مرتضٰی سے مکالمہ کیا کہ آپ مفروضے کی بنیاد پر ہمارے پاس آئے ہیں،کیا انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کیلئے جگہ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو روات میں جلسے کا کہا تھا،

انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے بیان حلفی مانگا جو اب تک پر نہیں ہوا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی یہ معاملہ چل رہا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ آدھا گھنٹہ دیں تو انتظامیہ سے معلومات لے لیتا ہوں۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ اگر واضح طور پر آئینی خلاف ورزی کا خطرہ ہو تو عدلیہ مداخلت کرے گی۔ سینیٹر کامران مرتضٰی نے کہا کہ درخواست میں ماضی کی آئینی خلاف ورزیوں کا حوالہ بھی موجود ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی پر عدالت کیلئے معاملہ پیچیدہ ہو جاتا ہے،عدالتی حکم عملدرآمد کیلئے ہوتے ہیں۔سپریم کورٹ نے لانگ مارچ کیخلاف جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضٰی کی درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close