توشہ خانہ انکشافات، عمران خان کا برطانیہ اور امارات میں بھی قانونی کارروائی کرنے کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کی خریداری کے حوالے سے تازہ انکشافات کے جواب میں قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ گزشتہ روزٹی وی چینل اور اینکرپرسن شاہزیب خانزادہ نے ہینڈلرز کے تعاون سے ایک مشہور دھوکے باز اور عالمی سطح پر مطلوب مجرم کی جانب سے تیار کی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بس اب بہت ہوچکا، میں نے اپنے وکلا سے بات کی ہے اورٹی وی چینل، شاہزیب خانزادہ اور جعلساز (عمر ظہور) کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی مقدمے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹی وی پروگرام میزبان شاہزیب خانزادہ نے عمران خان کے الزامات پر کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جس عدالت میں جانا چاہیں جائیں ہم سامنا کریں گے۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات پر شاہزیب خانزادہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ردعمل کیلئے بارہا کہا تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب نہ آیا، آج بھی عمران خان خود یا وہ جسے چاہیں ہمارے پروگرام میں بھیجیں ہم ان سے سوالات کریں گے اور وہ اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیں، سب کچھ واضح ہو جائے گا۔شاہزیب خانزادہ نے کہاکہ ہم یہ اسٹوری پوری تحقیق اور محنت کے بعد سامنے لائے ہیں اور ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، دعویٰ دائر کرنا عمران خان کا حق ہے، عمران خان جہاں چاہیں ہمیں بلائیں ہم ان کا سامنا کریں گے تاہم ہم یہ ضرور چاہیں گے کہ عمران خان پر جو الزامات لگ رہے ہیں وہ ان کا جواب ضرور دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی ان کے رہنماؤں کو پروگرام میں آنے کی دعوت دیتے ہیں تو وہ ذاتی حملے شروع کر دیتے ہیں، اس کے باوجود ہم یقینی بناتے ہیں کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دعوت دیں۔انہوںنے کہاکہ ابھی تک الزام عمران خان پر لگا نہیں فرح گوگی اور شہزاد اکبر پر لگا تھا، عمران خان یقینی بناتے ہیں کہ جب بھی الزام فرح گوگی پر لگے تو وہ خود ان کا دفاع کرنے آجاتے ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے کہاکہ عمران خان اس کا نام بتانے سے کترا رہے ہیں جسے گھڑی بیچی، قوم کو اس کا نام بتا دیں، خان صاحب نے روایت بنالی ہے کہ آپ مجھ سے سوال کیوں پوچھتے ہیں، سوال پوچھنا ہماراحق ہے، جس صحافی نے یہ اسکینڈل کور کیا اس کے ساتھ کیا کیا ہوا وہ اپنی کہانی بار باربتا رہا ہے۔ شاہزیب خانزادہ کے عمران خان سے چند سوالات کئے ہیں جن میں فرح گوگی کے ذریعے 20 لاکھ ڈالر میں گھڑی کیوں فروخت کی؟،تحفے عمر فاروق تک کیسے پہچے؟،عمر فاروق کو نہیں فروخت کیے تو کس کو بیچے؟،تحائف سے ملنے والی رقم پاکستان لائی گئی یا نہیں؟،تحائف سے ملنے والی رقم کی بینکنگ ٹرانزیکشن کہاں ہے؟،اتنی بڑی رقم پاکستان نہیں لائی گئی تو وہ کہاں گئی؟،28 کروڑ کی جگہ پونے 6 کروڑ روپے میں فروخت کیوں دکھائی؟،2019 میں تحائف کی قیمت 1 ارب 70 کروڑ روپے تھی، محض 2 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کر کے تحائف کیوں لیے؟،کیا تحائف کی رقم کم دکھانے کا مقصد منی ٹریل چھپانا تھا؟،قومی خزانے کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان کیوں پہنچایا گیا؟،عمران خان فرح گوگی کا دفاع کرنے خود کیوں میدان میں آجاتے ہیں؟،اگر تحائف عمر فاروق کو نہیں بیچے گئے تو عمران خان اس شخص کا نام بتا دیں جسے گھڑی بیچی گئی؟ شامل ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close