پنجاب میں سیلاب سے کتنے ہزار گھر تباہ ہوئے؟ سروے رپورٹ آ گئی

لاہور(آئی این پی)پنجاب میں حالیہ سیلاب سے پچپن ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے، اسی سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے مکمل کر لیا گیا، پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ رواں ہفتے شروع کیا جائے گا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

سروے کے مطابق مجموعی طور پر پنجاب میں سیلاب سے پچپن ہزار چار سو باون گھر تباہ ہوئے، جن میں سے سینتالیس ہزار پانچ سو پچاسی کچے اور سات ہزار آٹھ سو سڑسٹھ پکے گھر متاثر ہوئے۔سیلاب سے چار لاکھ تیس ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا، فلڈ کے باعث مختلف واقعات میں اکیاسی افراد جاں بحق، پچپن زخمی، اور دو معذور ہو گئے، جبکہ چھ سو باون جانور ہلاک ہوئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے محمد تصورکے مطابق وفات پانے والے افراد کے لواحقین میں دس، دس لاکھ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی جا چکی ہے تاہم معذور ہونے والے افراد میں ایک ایک لاکھ، زخمیوں کو چالیس، چالیس ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔پکے گھر گرنے پر چار لاکھ، کچے گھر کے دو لاکھ روپے، بڑے جانور کی ہلاکت پر پچھہتر ہزار اور چھوٹے جانور کی ہلاکت پر پانچ ہزار مالی امداد دی جائے گی،ہر متاثرہ شخص کو براہ راست امداد فراہم کی جائے گی۔رواں ہفتے سیلاب متاثرین کی مالی امداد کیلئے بارہ ارب روپے کی رقم بینک آف پنجاب کے ذریعے تقسیم کرنے کیلئے معاہدہ طے پا چکا ہے، متاثرہ اضلاع کی پچیس برانچز میں رقوم کی تقسیم کے لیے سپیشل کاونٹرز قائم کئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close