اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑی دو کروڑ روپے میں خریدی جب کہ اس کی اصل قیمت ایک ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔
اپنے پروگرام میں دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس مین عمر فاروق ظہور سے گفتگو کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد کی جانب سے دی گئی گھڑی توشہ خانہ سے دو کروڑ روپے میں یہ کہہ کر خریدی کہ اس کی قیمت 10 کروڑ روپے کے قریب ہوگی۔ آپ نے یہ گھڑی دو ملین ڈالر یعنی 28 کروڑ روپے میں خریدی جب کہ کمپنی نے کہا کہ پانچ سے چھ ملین یعنی 84 سے 85 کروڑ روپے میں خرید لیں۔عمر فاروق ظہور نے کہا کہ انہوں نے اس گھڑی کا تخمینہ لگوایا ہے ، یہ تقریباً 12 سے 13 ملین ڈالر کا سیٹ ہے۔ اس پر شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اس سیٹ کی قیمت ایک ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے ، جب کہ سابق وزیر اعظم نے اسے صرف دو کروڑ روپے میں خریدا۔
انہوں نے سوال کیا کہ قومی خزانے کو ایک ارب 68 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے، اگر عدالت آپ کو بلاتی ہے تو آپ آئیں گے؟ اس پر عمر فاروق ظہور نے کہا کہ وہ بالکل تیار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں