لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت پر مزید عوامی دبائو بڑھانے کی حکمت عملی تیار کر لی اور حکومت کو گھر بھیجنے، قبل از وقت انتخابات کی راہ کو ہر صورت ہموار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عوامی مہم میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا،
اجلاس میں مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی، صوبائی وزیر راجہ بشارت، بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی، اجلاس کے دوران قبل از وقت انتخابات، اعظم سواتی تشدد کیس، ارشد شریف کے قتل اور امریکی سائفر کے معاملے کو مزید شدت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، عوامی سطح، میڈیا کے محاذ اور ہر سطح پر ان معاملات کا پر چار زور و شور سے کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کے بیانیہ کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ ہوشربا مہنگائی، حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی اجاگر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، حقیقی آزادی مارچ میں روالپنڈی کے لیے پنجاب بھر کی یونین کونسل کو بھی ٹاسک دئیے جائیں گے۔ حکومت کو قبل از وقت انتخابات پر مجبور کرنے کے لیے عوامی دبا مزید بڑھایا جائے گا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں