اسلام آباد(پی این آئی)الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو طلب کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کامیابی کا نوٹیفکیشن غیرمعینہ مدت تک ملتوی نہیں کر سکتے ،التوا کی صورت میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے۔
الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ کی سماعت کی،لیگی ایم این اے علی گوہر بلوچ کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا۔بیرسٹر گوہر نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کی جانب سے دوسرے کیس کیلئے آیا ہوں، پی ٹی آئی کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر سماعت سے متعلق نوٹس نہیں ملا۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کامیابی کا نوٹیفکیشن غیرمعینہ مدت تک ملتوی نہیں کر سکتے ،التوا کی صورت میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے ،الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار علی گوہر کو طلب کر لیا۔یاد رہے کہ درخواست میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کی بنیاد پر نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں