عمران خان پر حملے کو ڈرامہ قرار دینے کا پراپگینڈا ناکام، گہرے زخموں کے نشانات سامنے آگئے

لاہور( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر حملہ کو ڈرامہ قرار دینے والوں کا پروپیگنڈہ ناکام ہوگیا۔وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔عمران خان کی ٹانگ پر چار گولیاں لگیں۔ تاہم بعض سیاسی مخالفین کی جانب سے اسے ڈرامہ قرار دیا گیا۔عمران خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ان کی ٹانگوں پر زخموں کے گہرے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔

عمران خان کو لگی گولیاں اور زخموں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔آج ڈاکٹرز کی جانب سے عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا۔عمران خان کو لگنے والی گولیوں کے نشانات سامنے آنے کے بعد مخالفین کی جانب سے کیا گیا پراپیگنڈہ بھی دم توڑ گیا۔ویڈیو میں ڈاکٹرز کو عمران خان کی پٹیاں تبدیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔عمران خان کی ٹانگ پر گولیوں کے گہرے نشانات دیکھے جاسکتے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی وہ بہادری کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیے۔دوسری جانب عمران خان کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کی رہائشگاہ کے باہر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں۔اسپیشل برانچ کی طرف سے عمران خان کے لیے جاری کیے گئے سکیورٹی الرٹ کے بعد زمان پارک لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر سکیورٹی کے اقدامات بڑھا دئیے گئے۔ عمران خان کے گھر کی دیوار کے ساتھ سکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں کی دیوار قائم کر دی گئی ہے جبکہ سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر حفاظتی دیوار بھی بنا دی گئی۔زمان پارک کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹ بنا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ زمان پارک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے سکیورٹی کے مزید کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے۔زمان پارک آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ عمران خان کو 6 نومبر کو شوکت خانم ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک منتقل کیا گیا۔میڈیکل بورڈ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 11 بجے ڈسچارج کر دیا تھا، آرام کے دوران عمران خان کو دائیں ٹانگ پر وزن ڈالنے سے روکا گیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close