ٹریفک حادثے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 2افراد جاں بحق ،3افراد شدیدزخمی

لاہور(پی این آئی) پھولنگر بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے ،لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر قاسم محبوب کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد عامر جان سمیت دیگر حکام ، لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں پھولنگربائی پاس پر دو گاڑیوں میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنرپتوکی

قاسم محبوب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی قاسم محبوب سرکاری گاڑی خود ڈرائیو کر کے لاہور سے پتوکی جا رہے تھے کہ نیند کے باعث ان کی گاڑی بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور سامنے سے آنے والی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔جس سے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اور دوسری گاڑی کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسری گاڑی میں سوار تین افراد شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر فوری پہنچ کر

حادثے کا شکار گاڑیوں سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا ۔بعد ازاں لاہور میں جی او آر 6میں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی قاسم محبوب کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ جس میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد عامر جان ،دیگر سرکاری حکام اور افسران سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کمشنر لاہور محمد عامر جان نے مرحوم قاسم محبوب کے والدین و بیوی بچوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اے سی قاسم محبوب فرض شنا س افسر تھا،

اللہ اسکے درجات بلند فرمائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز اعلیٰ نے بھی ٹریفک حادثے میں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی قاسم محبوب کی ہلاکت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔دوسری جانب شیخوپورہ میں منصورآباد کے قریب بس الٹنے سے پچیس مسافر زخمی ہوگئے، جس میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close