عالمی تبلیغی اجتماع کے آخری روز شرکاء کی تعداد کتنے لاکھ تک پہنچ گئی؟ اجتماع گاہ میں شریک غیر ملکی مہمانوں کی واپسی کا عمل شروع

لاہور‘رائے ونڈ ( آئی این پی )عالمی تبلیغی اجتما ع کے آخری روز شرکاء کی تعداد 9لاکھ سے تجاوز کرگئی ،دوسرے مرحلے میں کراچی سے 2لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ،سوات اور فیصل آباد ڈویژن سے ایک لاکھ سے زائد افراد اجتماع میں شریک ہوئے،عالمی اجتماع کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے آج (پیر)کھل جائیں گے ،اجتماع گاہ میں شریک غیر ملکی مہمانوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا،

امسال اجتماع میں ریکارڈ جماعتوں نے شرکت کی ،تبلیغی اکابرین کے مطابق 3سال بعد عالمی اجتماع میں شرکاء کی تعداد ناقابل یقین رہی ،آخری روز مقامی لوگوں کے ہاں مہمانوں کا پڑائو رہا ،شرکائے اجتماع واپسی سے قبل تجارتی مراکز میں خریداری میں مصروف رہے ،اجتماع کے دونوں مرحلے بخیریت ہونے پر انتظامیہ نے شکرانے کے نوافل ادا کئے،اختتامی دعا سے قبل مجمع کو مولانا عبیداللہ خورشیدنے ہدایات دیں،اختتامی دعا مولانا محمد ابراہیم نے کروائی ،دعا سے قبل شہر اور گردونواح سے ہزاروں افراد پیدل پنڈال پہنچے ،پنڈال بھر جانے کی وجہ سے ہزاروں افراد نے سڑک پر بیٹھ کر اختتامی دعا مانگی ،شرکاء اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے ،زائرین کی خدمت کے لئے لٹھ بردار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے،حفاظ اکرام کی جماعتیں پنڈال کے اردگرد قرآن حکیم کی تلاوت پر مامور رہیں ،دعا کے بعد مقامی شہریوں کی طرف سے زائرین کے لئے چائے اورپانی کی سبیلیں لگائی گئیں ،زائرین آخری روز خریداری میں مصروف رہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close