وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عوام کو ریلیف دینے کی خوشخبری سنا دی

دبئی (پی این آئی ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ساتھ ہی فیول کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں مسلم لیگ ن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 4 سال میں معیشت تباہ کر دی گئی، پاکستان سنگاپور کے بجائے سری لنکا بننے کے قریب پہنچ گیا تھا، ڈالر کو آزاد چھوڑ کر ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا گیا، اس لیے ریاست بچانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

 

 

عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضے میں 4000 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا، ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کریں گے، ہماری حکومت کا عزم ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو بہتر کریں گے، ڈالرز کو 200 روپے سے کم کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف معیشت کو دوبارہ پاؤں پرکھڑا کرنے کے لیے معاشی اصلاحات پرعمل کر رہے ہیں، آئی آیم ایف پروگرام پورا کریں گے، موجودہ مالی سال 32 سے 34 ارب ڈالرزکی ضرورت ہے، امید ہے یہ رقم جمع کرلیں گے۔ دوسری طرف پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مزید تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات رواں ماہ 15 نومبر کو شروع نہیں ہو سکیں گے، سیلاب کی وجہ سے صوبوں سے سرپلس اور پرائمری بیلنس کا ہدف پورا نہیں ہو سکا، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ایف بی آر کے محصولات میں اضافہ کیا جائے۔میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ مذاکرات سے پہلے پاکستان تمام اہداف پر عملدرآمد کرے جبکہ سیلاب کی وجہ سے جو اہداف پورے نہیں ہو سکتے اس کی آئی ایم ایف نے رپورٹ مانگ لی ہے۔ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے سیلاب کے باعث اخراجات بڑھنے پر بات ہوئی ہے، سیلاب میں ایمرجنسی فنڈ اور دستیاب وسائل کو استعمال میں لایا گیا، آئی ایم ایف سے اضافی فنڈز کا مطالبہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close