لاہور(آئی این پی )چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا بھارت کے بعد بڑا ہیڈکوارٹر کینیا میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف پورے پاکستان کا شہید ہے، ان کے خون پر بھی بغیر سوچے سمجھے سیاست ہو رہی ہے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے مزید کہا کہ ارشد شریف کو ان لوگوں نے قتل کیا،
جو پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر سوچے سمجھے پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن کے پاس شواہد ہیں، وہ ان کو سامنے لائیں عدالت میں رکھیں۔طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ کنٹینر پر چڑھ کر بلا وجہ تنقید کا نشانہ بنانا عقلمندی کا کام نہیں، اعظم سواتی کے ساتھ جو ہوا وہ قابل نفرت ہے۔ اعظم سواتی جن لوگوں کے نام لے رہے ہیں، کیا ان کے اہلخانہ نہیں؟ وہ اپنی ڈیوٹی کی وجہ سے خاموش ہیں۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ وفاقی حکومت کا سود کے معاملے پر اپیل واپس لینے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسحاق ڈار پاکستان کو سودی نظام کے مکمل خاتمے کے ٹریک پر ڈالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد اس مہینے پاکستان تشریف لا رہے ہیں، جتنے معاہدے رہتے ہیں وہ اب مکمل ہوں گے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ سیاسی استحکام آنے سے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری بڑھے گی، بدقسمتی سے سیاسی عدم استحکام کی صورتحال خراب ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں