لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سیاسی مصروفیات محدود کردیں ، خدشات کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے رہائشگاہ کے باہر حفاظتی دیوار کیساتھ اطراف میں سکیورٹی چیک پوسٹ بھی بنا دی گئی۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور میں واقع اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں اپنے بیٹوں سلمان اور قاسم کے ساتھ موجود ہیں
جہاں انہوں نے جمعہ کے روز اپنی سیاسی مصروفیات محدود کر دیں ۔انہوں نے صرف چند شخصیات سے ملنے کے علاوہ زیادہ وقت اپنے بچوں کے ساتھ گزارا ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان ٹیلیفون پر مرکزی رہنمائوں سے لانگ مارچ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے رہے ۔ نجی ٹی وی نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری کے حوالے سے بتایا کہ اسپیشل برانچ کی عمران خان پر ایک اور حملے کے خدشہ کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کی ہے۔
عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات اور معمول سے ہٹ کر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ۔اس کے علاوہ کسی بھی غیر متعلقہ گاڑی اور فرد کو عمران خان کی رہائشگاہ جانے پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے گھر کی دیوار کے ساتھ سکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں سمیت سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر حفاظتی دیوار قائم کر دی گئی
جبکہ پارٹی کی خواتین رہنمائوں کی آمد کے پیش نظر چیکنگ کیلئے خواتین پولیس اہلکار کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ سکیورٹی کے مزید کیمرے بھی نصب کر دیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی کے مزید اقدامات لیتے ہوئے زمان پارک کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹ بنادی گئی۔ جبکہ خصوصی ڈیسک بھی قائم کی گئی ہے جو آنے جانے والوں کے ریکارڈز رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں